بنگلورو،3؍ستمبر (ایس او نیوز) کووڈ ۔19 کے درمیان ریاستی حکومت پولیس عہدیداروں کے تبادلے جاری رکھے ہوئے ہے۔ ایک ہی دن میں 55 ؍ ڈپٹی سپرنٹنڈ نٹ درجے کے عہدیداروں بشمول بنگلورو شہر کے 16 اے سی پیز کا تبادلہ کردیا گیا ۔ بیشتر تبادلے اہم علاقوں سے ہوئے ہیں۔ بنگلوروشہر کی پولیس فورس میں کئی نئے چہروں کو متعارف کرایا گیا ۔
محکمہ پولیس میں موجود ذرائع کی مانیں تو بیشتر تبادلے حکمراں پارٹی کے قائدین کی خواہش کے مطابق ہیں جو اپنے حلقہ میں جانے مانے پولیس عہدیداروں کی موجودگی چاہتے تھے۔
حکام نے کہا کہ پہلی مرتبہ بنگلورو شہر میں 16 نئے اے سی پیز کو لایا گیا ۔ ان میں سے بیشتر عہدیداروں کا ٹریک ریکارڈ بے حد اچھا ہے۔ اس کا مقصد بنگلورو شہر میں پولیسنگ کو بہتر بنانا ہے۔